19 دسمبر ، 2024
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر پاک بھارت فیوژن فارمولے کی منظوری کے بعد ایونٹ کے حوالے سے جاری تنازعہ بالآخر حل ہوگیا۔
جمعرات کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے طویل عرصے سے جاری تعطل کا حل نکالتے ہوئے پاک بھارت فیوژن فارمولے کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی بورڈ نے پاک بھارت فیوژن فارمولے کی منظوری دی جو چیمپئنز ٹرافی ، ویمن ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر نافذ ہوگا۔
معاہدے کے تحت 8 ٹیموں کے چیمپئنز ٹرافی ایونٹ میں بھارت کے میچز ایک غیر جانبدار مقام پر کھیلے جائیں گے جبکہ بدلے میں آئی سی سی کے وہ ایونٹس جن کی میزبانی بھارت کرے گا ان میں پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔
2027 تک پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں آئی سی سی ایونٹ کا میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گی اور نیوٹرل وینیو کا انتخاب میزبان بورڈ کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیوژن فارمولے کی منظوری کے بعد اب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان جلد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے نیوٹرل وینیو سے متعلق بات چیت کا سلسلہ جاری ہے ، دبئی اور کولمبو نیوٹرل وینیو کے لیے زیر غور ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے 4 میچز کی میزبانی لاہور کو ملنے کا امکان ہے، کراچی اور راولپنڈی 3،3 میچز کی میزبانی کریں گے جبکہ 4 میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق بھارت کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں فائنل نیوٹرل وینیو پر ہوگا، اگر بھارت فائنل میں نہ پہنچا تو فائنل لاہور میں ہو گا۔