Time 20 دسمبر ، 2024
پاکستان

کیا کراچی کے بچے لاوارث ہیں، ڈمپروں سے ہلاکتیں نہ رکیں تو خود ڈمپروں کے آگے آؤں گا: گورنر سندھ

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شہر قائد میں ڈمپروں سے شہریوں کی آئے روز اموات کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے خود میدان میں آنے کا اعلان کر دیا۔

گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہنا تھا ایک دو سالہ بچی کا سر ڈمپر نے کچل دیا، دن ہو رات ہو شہر کراچی میں ڈمپر لیکر سڑکوں پر دندناتے پھر رہے ہیں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا اب یہ معاملہ نہیں رکا تو ان ڈمپروں کو روکنے کے لیے آپ کو یہ گورنر ڈمپروں کے آگے نظر آئے گا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کاہ کہ ڈمپر نہیں رکے تو اس پر وہ ایکشن ہوگا کہ سب یاد رکھیں گے، اگر شہر میں ڈمپر کسی قانون کے تحت نہیں چل رہے تو ڈی آئی جی ٹریفک کو بتانا ہوگا کیوں قانون پر عمل نہیں ہو رہا ؟

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا میں ان معاملات پر عدالت ضرور جاؤں گا، کیا اس شہر کے بچے لاوراث ہیں جو اس طرح سے مارے جا رہے ہیں؟ بس ہوگئی اب مزید ایسا نہیں کرنے دیں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران کامران ٹیسوری نے 24 دسمبر کو گورنر سندھ میں مہاجر ثقافت کا دن منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہر قوم کی ثقافت کو گورنر ہاؤس میں اہمیت دی، تین بار سندھی اجرک ڈے پر ثقافت کے رنگوں کو یہاں سجایا۔

ان کا کہنا تھا ہم نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے دورہ پاکستان کے موقع پر مختلف مذاہب اور مسالک سے تعلق رکھنے والے اکابرین کو ایک اسٹیج پر جمع کیا اور سب نے ایکدوسرے کے لیے اچھے کلمات ادا کیے۔

مزید خبریں :