Time 20 دسمبر ، 2024
پاکستان

گورنر سندھ کا ڈمپروں کیخلاف میدان میں آنیکا اعلان، شرجیل میمن کا بیان بھی سامنے آگیا

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے منصوبوں کے لیے مٹیریل ڈمپروں میں ہی آتا ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ سارا دن کام بند پڑا رہے اور صرف رات میں کام ہو۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے کراچی میں آئے روز ڈمپروں سے شہریوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے کہا گیا کہ کیا کراچی کے بچے لاوارث ہیں، اگر ڈمپروں سے ہلاکتوں کا سلسلہ نہ رکا تو میں خود ڈمپروں کے آگے آؤں گا۔

اس حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں منصوبوں کیلئے بلڈنگ مٹیریل لانے کے لیے ڈمپروں کو اجازت ہے، شہر میں جاری پراجیکٹس کیلئے بلڈنگ مٹیریل ڈمپر میں ہی آتا ہے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا یہ نہیں ہو سکتا کہ پراجیکٹس پر سارا دن کام بند ہو اور رات میں ہو، ڈمپر ڈرائیور کی ذمہ داری ہے کہ رفتار مقرر کریں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ کراچی میں ڈمپر سے زیادہ مسئلہ ڈرائیورز کا ہے، بدقسمتی سے یہاں لائسنس کا حصول بہت آسان ہے، پورے پاکستان میں ڈرائیونگ لائسنس کا حصول سخت کرنا چاہیے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو  کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں، حادثات میں کمی آئی ہے۔

احمد نواز چیمہ  کا کہنا تھا بی آر ٹی کے لیے ڈمپرز بھی رات تک محدود کیے ہیں، ادارے تعاون کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا واٹر ٹینکرز کو 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہے، اس کے علاوہ کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کو بھی اجازت ہے، ہم ان کی اسپیڈ چیک کرتے ہیں۔

مزید خبریں :