20 دسمبر ، 2024
واٹس ایپ نے نئے سال کا خیرمقدم کرنے کے لیے خصوصی اسٹیکرز، ویڈیو کالنگ ایفیکٹس اور ری ایکشنز متعارف کرائے ہیں۔
یہ فیچرز محدود مدت کے لیے صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
20 دسمبر سے 3 جنوری تک صارفین کو خصوصی اسٹیکرز، ویڈیو ایفیکٹ اور ری ایکشنز تک رسائی حاصل ہوگی۔
اس کا مقصد نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے دوران چیٹس اور ویڈیو کالز کو بہتر بنانا ہے۔
ان میں سے ایک فیچر نیو ائیر کالنگ ایفیکٹس کا ہے جس کے ذریعے صارفین ویڈیو کالز کے دوران اپنے بیک گراؤنڈ، فلٹرز اور ایفیکٹس کو نئے سال کی تھیم کے مطابق استعمال کرسکیں گے۔
اسی طرح واٹس ایپ کی جانب سے ایموجی ری ایکشنز میں بھی دلچسپ تبدیلی کی جا رہی ہے۔
صارفین کی جانب سے جب میسجز پر مختلف پارٹی ایموجیز ری ایکشنز استعمال کیے جائیں گے تو ایک confetti انیمیشن دونوں جانب نظر آئے گا۔
واٹس ایپ کی جانب سے ایک نیو ائیر اسٹیکر پیک بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ نئے سال کے موقع کے حوالے سے اواتار اسٹیکرز بھی دستیاب ہوں گے۔
ان نئے فیچرز کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو اپنے واٹس ایپ کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا جس کے بعد ہی ان تک رسائی ممکن ہوگی۔