Time 21 دسمبر ، 2024
پاکستان

9 مئی کے مجرمان کو سزائیں: مکمل انصاف اس وقت ہوگا جب ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو سزا ملے گی، آئی ایس پی آر

9 مئی کے مجرمان کو سزائیں: مکمل انصاف اس وقت ہوگا جب ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو سزا ملے گی، آئی ایس پی آر
 صحیح معنوں میں مکمل انصاف اُس وقت ہوگا جب 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا مل جائے گی: شعبہ تعلقات عامہ۔ فوٹو فائل

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے صحیح معنوں میں مکمل انصاف اُس وقت ہوگا جب 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا مل جائے گی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ فوجی عدالتوں نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث 25 ملزمان کو سزائیں سنا دی ہیں۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 9 مئی 2023 کو قوم نے سیاسی طور پر بھڑکائے گئے اشتعال انگیز تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات دیکھے، 9 مئی کے پُرتشدد واقعات پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتے ہیں، سیاسی پروپیگنڈے، جھوٹ کا شکار بننے والے لوگوں کیلئے یہ سزائیں تنبیہ ہیں کہ مستقبل میں قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ نفرت، جھوٹ پر مبنی سیاسی بیانیے کی بنیاد پر مسلح افواج کی تنصیبات پر منظم حملے کیے گئے اور اُن کی بے حرمتی کی گئی، یہ پر تشدد واقعات پوری قوم کے لیے ایک شدید صدمہ ہیں، 9 مئی کے واقعات زور دیتے ہیں کسی کو سیاسی دہشتگردی کے ذریعے اپنی مرضی دوسروں پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اس یوم سیاہ کے بعد تمام شواہد اور واقعات کی باریک بینی سے تفتیش کی گئی۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق ملوث ملزمان کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد اکٹھے کیے گئے، کچھ مقدمات قانون کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے لیے بھجوائے گئے، مناسب کارروائی کے بعد ٹرائل ہوا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ 9 مئی کی سزاؤں کا فیصلہ قوم کے لیے انصاف کی فراہمی میں ایک اہم سنگ میل ہے جبکہ متعدد ملزمان کے خلاف انسداد دہشتگردی کی مختلف عدالتوں میں بھی مقدمات زیر سماعت ہیں، دیگر ملزمان کی سزاؤں کا اعلان اُن کے قانونی عمل مکمل کرتے ہی کیا جا رہا ہے۔

شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ صحیح معنوں میں مکمل انصاف اُس وقت ہوگا جب 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا مل جائے گی، ریاست پاکستان 9 مئی کے واقعات میں مکمل انصاف مہیا کرکے ریاست کی عملداری کویقینی بنائے گی۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ 9 مئی کے مقدمے میں انصاف فراہم کرکے تشدد کی بنیاد پر کی جانے والی گمراہ اور تباہ کُن سیاست کو دفن کیا جائے گا، 9 مئی واقعات پر کیا جانے والا انصاف نفرت، تقسیم اور بے بنیاد پروپیگنڈے کی نفی کرتا ہے، آئین اور قانون کے مطابق تمام سزا یافتہ مجرموں کے پاس اپیل اور دیگر قانونی چارہ جوئی کا حق ہے۔

مزید خبریں :