22 دسمبر ، 2024
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات پر مزید کچھ لوگوں کے فیصلے ایک دو دن میں ہوں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پر مزید کچھ لوگوں کے فیصلے ایک دو دن میں ہوں گے، بانی پی ٹی آئی کا 190 ملین پاؤنڈز کیس بھی ان میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کیسز کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے، پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ بیک چینل رابطے برقرار ہیں ، پی ٹی آئی کو مشورہ ہے کہ ڈیڈ لائن اور وارننگ دینا چھوڑ دے۔
پروگرام میں رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف فیصلہ آئے گا تو اس کا اثر مذاکرات پر ہوگا، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ بانی کے خلاف فیصلہ آئے اور اس کا مذاکرات پر اثر نہ ہو۔
علی محمد خان نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں، ملٹری کورٹ میں ملزم کو دفاع کا مناسب موقع نہیں ملتا، ساکھ سویلین عدالت کی سزا کی ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرمان کو فوجی عدالتوں کی جانب سے سزائیں سنائی گئی تھیں۔