22 دسمبر ، 2024
ویسے تو دنیا کے سب سے زیادہ اسٹائلش افراد میں انسانوں کو ہی شامل کرنا چاہیے مگر ایسی ایک فہرست میں تھائی لینڈ کے ایک وائرل دریائی گھوڑے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
جی ہاں واقعی نیویارک ٹائمز کی 2024 کے موسٹ اسٹائلش پیپل کی فہرست میں مادہ دریائی گھوڑے مو ڈینگ کا نام بھی شامل ہے۔
5 ماہ سے زائد عمر کی مو ڈینگ تھائی لینڈ کے ایک چڑیا گھر میں رہائش پذیر ہے اور اس کی لائیو اسٹریم ویڈیو 24 گھنٹے ٹک ٹاک پر دیکھی جاسکتی ہے۔
امریکا میں بھی مو ڈینگ کافی مقبول ہے جہاں اسے مختلف ٹی وی شوز میں دکھایا گیا ہے۔
دنیا بھر میں لوگوں کے دل جیت لینے والی مو ڈینگ کو نیویارک ٹائمز کی فہرست میں دنیا کے موسٹ اسٹائلسٹ افراد میں شامل کر دیا گیا ہے۔
درحقیقت مقبولیت میں اضافے کے ساتھ مو ڈینگ کو دنیا کے مختلف حصوں میں خوشی اور بے ساختگی کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
نیویارک ٹائمز کی فہرست دسمبر کے شروع میں جاری کی گئی تھی جس میں مختلف معروف افراد جیسے Gwyneth Paltrow، بیونسے اور دیگر کو شامل کیا گیا۔
مگر چند انتخاب چونکا دینے والے تھے جن میں سے ایک مو ڈینگ ہے جبکہ فرانس کے دریائے سین اور نیویارک شہر کے مسکوٹ ایلی دی ایلیفنٹ کو بھی اس فہرست کا حصہ بنایا گیا۔
امریکی اخبار نے فہرست میں مو ڈینگ کی موجودگی کے بارے میں بتایا کہ اس نے دنیا بھر میں دلوں کو فتح کر لیا ہے۔