Time 22 دسمبر ، 2024
پاکستان

یورپی یونین کا پاکستان میں ملٹری کورٹ سے 25 شہریوں کی سزا پر اظہار تشویش

یورپی یونین کا پاکستان میں ملٹری کورٹ سے 25 شہریوں کی سزا پر اظہار تشویش
یہ فیصلہ بین الاقوامی معاہدہ برائے شہری و سیاسی حقوق کے تحت پاکستان کی ذمہ داریوں کے مطابق نہیں سمجھتے: یورپی یونین— فوٹو:فائل

یورپی یونین نے پاکستان میں 21 دسمبر کو فوجی عدالت کی طرف سے 25 شہریوں کو سنائی گئی سزا پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے چھٹی کے روز یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس نے ایک اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کی نظرمیں ' ان فیصلوں کو ان ذمہ داریوں سے متصادم سمجھا جاتا ہے جو پاکستان نے شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے (ICCPR) کے تحت قبول کیے ہوئے ہیں‘۔

یورپی یونین نے اس اعلامیے میں واضح کیا کہ ' آئی سی سی پی آر کے آرٹیکل 14 کے مطابق ہر شخص کو عدالت میں منصفانہ اور عوامی مقدمے کی سماعت کا حق حاصل ہے جو آزاد، غیر جانبدار اور اہل ہو اور اسے مناسب اور مؤثر قانونی نمائندگی کا حق حاصل ہو‘۔

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ ’اسی آرٹیکل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فوجداری مقدمے میں جو بھی فیصلہ دیا گیا ہے اسے عام بھی کیا جائے گا'۔

یورپی یونین نے اس اعلامیے میں مزید کہا کہ EU کی جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز (GSP+) کے تحت پاکستان سمیت استفادہ کرنے والے ممالک نے رضاکارانہ طور پر 27 بین الاقوامی بنیادی کنونشنز بشمول ICCPR کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے تاکہ GSP پلس اسٹیٹس سے مستفید ہوتے رہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرمان کو فوجی عدالتوں کی جانب سے سزائیں سنائی گئی ہیں۔ مجرمان کو 2 سے 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئیں۔

مزید خبریں :