23 دسمبر ، 2024
برطانیہ نے پاکستان میں فوجی عدالتوں میں 25 شہریوں کی سزا پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان برطانوی وزارت خارجہ کے مطابق برطانیہ پاکستان کے قانونی عمل میں مداخلت نہیں کرتا۔
ترجمان نے کہا کہ برطانیہ قانونی کارروائیوں پر پاکستان کی خود مختاری کا احترام کرتا ہے لیکن فوجی عدالتوں سے سویلینز کو سزاؤں میں شفافیت، آزادانہ جانچ پڑتال کا فقدان ہوتا ہے جس سے منصفانہ سماعت کے حق کو نقصان پہنچتا ہے۔
برطانیہ حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ "شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی کنونشن" کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو نبھائے۔
خیال رہے کہ 21 دسمبر کو سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرمان کو فوجی عدالتوں کی جانب سے سزائیں سنائی گئیں۔ مجرمان کو 2 سے 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئیں۔