Geo News
Geo News

پاکستان
28 فروری ، 2013

کراچی بد امنی کیس ،اویس مظفر ٹپی اور سینئر ممبر ریوینوشازر شمعون کو نوٹس جاری

کراچی بد امنی کیس ،اویس مظفر ٹپی اور سینئر ممبر ریوینوشازر شمعون کو نوٹس جاری

کراچی…کراچی بد امنی کیس کی سماعت کے دوران ریوینیو معاملات کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے اویس مظفر ٹپی اور سینئر ممبر ریوینوشازر شمعون کو نوٹس جاری کردئیے۔سپریم کورٹ کی لارجر بینچ نے جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں کراچی بے امنی کیس کے دوران ریونیو معاملات کی سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار محمود اختر نقوی نے کہا کہ اویس مظفر ٹپی صدر آصف علی زرداری کے بھائی اور درپردہ صوبائی وزیر اعلیٰ ہیں۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ٹپی اور شمعون کراچی میں زمینوں کی غیر قانونی خریدو فروخت میں ملوث ہیں۔محمود اختر نقوی نے عدالت کو بتایا کہ نیشنل ہائی وے پر 3کروڑ فی ایکڑ مالیت کی زمین کو 10ہزار فی ایکڑ میں ریگولائز کرایا گیا۔ٹپی ،شازر شمعون اور دیگر کے خلاف ڈیڑھ سو سے زائد مقدمات موجود ہیں جس میں حکومت کو اربوں کا نقصان ہوا ہے۔اس موقع پر جسٹس سرمد جلال عثمانی نے سینئر ممبر ریوینوشازر شمعون سے سوال کیا کہ ہر آدمی ٹپی ٹپی کرتا ہے آخر یہ ہے کون اور اس کے خلاف ایف آئی آر کیوں نہیں کٹواتے۔ انہوں نے شازر شمعون سے دریافت کیا کہ کیا آپ ٹپی کو جانتے ہیں یہ کون ہیں۔ تو ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹپی کو نہیں جانتے صرف میڈیا پر نام سنا ہے۔ جسٹس سرمد جلال عثمانی نے کہا کہ آپ عدالت کے سامنے کھڑے ہیں ہم آپ سے حلف لے سکتے ہیں، جس آدمی کو آپ نہیں جانتے اس کو دنیا جانتی ہے۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے اویس مظفر ٹپی اور سینئر ممبر ریوینوشازر شمعون کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ سیشن تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :