24 دسمبر ، 2024
سائنسدانوں نے روس کے علاقے سائبیریا سے برف میں منجمد ہزاروں سال پرانے روئیں دار ہاتھی (اونی میمتھ) کے بچے کو دریافت کیا ہے جس کا جسم اب بھی صحیح حالت میں ہے۔
سائبیریا کے خطے Yakutia میں اس مادہ روئیں دار ہاتھی کو 2024 کے موسم گرما کے دوران دریافت کیا گیا تھا۔
سائنسدانوں کا تخمینہ ہے کہ یہ 50 ہزار سال برف میں محفوظ ہے۔
سائنسدانوں نے اس کا نام یانا رکھا ہے اور یہ مکمل حالت میں دریافت میں ہونے والا 7 واں اونی میمتھ ہے۔
ان کا خیال ہے کہ موت کے وقت اس کی عمر ایک سال یا اس سے زائد ہوگی جبکہ اس کے حوالے سے مزید تحقیقی کام بھی کیا جائے گا۔
یانا کے جسم کو Yakutia کی نارتھ ایسٹرن فیڈرل یونیورسٹی میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔
یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہم میمتھ کا مردہ جسم اتنی درست حالت میں محفوظ دیکھ کر حیران رہ گئے۔
ماہرین نے اسے منفرد دریافت قرار دیا ہے۔
یانا کا وزن 120 کلو گرام ہے جبکہ اس کی لمبائی 4 فٹ اور چوڑائی 200 سینٹی میٹر ہے۔
واضح رہے کہ Yakutia وہ خطہ ہے جو آرکٹک اوشین کی سرحد پر ہے اور وہاں برفانی میدانوں میں متعدد قدیم جانوروں کی باقیات کو دریافت کیا جاچکا ہے۔