24 دسمبر ، 2024
انسٹا گرام میں ایک ایسے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو آپ کو دوستوں کے ایسے مواد کو دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا جو پہلے دیکھ نہیں سکے ہوں گے۔
کمپنی کی جانب سے ایک نئے فیچر اسٹوری ہائی لائٹس کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
اس فیچر کے تحت صارف کے Mutual فالوورز کی ان سین (unseen) اسٹوری ہائی لائٹس کو اسٹوریز ٹرے کے آخر میں دکھایا جائے گا۔
میٹا کی جانب سے اس فیچر کی آزمائش کی تصدیق کی گئی ہے۔
میٹا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم ہمیشہ ایسے نئے ذرائع پر کام کرتے رہتے ہیں جس سے لوگوں کو اسٹوریز سے کنکٹ کرنے میں مدد ملتی ہے۔
ترجمان کے مطابق ہم اسٹوریز ٹرے کے آخر میں حالیہ ہائی لائٹس کے فیچر کی آزمائش محدود صارفین میں کر رہے ہیں۔
یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ انسٹا گرام میں اب ریلز اور اسپانسرڈ پوسٹس کی بھرمار ہوتی ہے جس کی وجہ سے ان افراد کی اپ ڈیٹس کو نہ دیکھنے کا امکان بڑھتا ہے جن کو آپ فالو کر رہے ہوتے ہیں۔
فوٹو شیئرنگ ایپ کا نیا فیچر اسی کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے تاکہ آپ اپنے دوستوں اور گھر والوں کی پوسٹس سے محروم نہ رہ سکیں۔
میٹا کے مطابق صارفین اسٹوری ہائی لائٹس میں گزشتہ ہفتے کی اپ ڈیٹس دیکھ سکیں گے۔
مگر آپ اسٹوری ہائی لائٹس تک اسی وقت پہنچ سکیں گے جب آپ اسٹوریز کی پوری ٹرے کے آخر تک جانے کی کوشش کریں گے۔
یہ واضح رہے کہ اس فیچر میں وہ اسٹوریز نہیں دکھائی جائیں گی جو 24 گھنٹے بعد خودکار طور پر ڈیلیٹ ہو جاتی ہیں بلکہ اسٹوری ہائی لائٹس کو دکھایا جائے گا۔
یعنی ایسی اسٹوریز جن کو صارفین اپنی پروفائلز پر محفوظ کرلیتے ہیں۔