19 نومبر ، 2024
انسٹا گرام میں ایک بہت بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے جو اس فوٹو شیئرنگ ایپ کو نمایاں حد تک بدل دے گی۔
میٹا کی جانب سے ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جو انسٹا گرام فیڈ کے الگورتھم کو ری سیٹ کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
انسٹا گرام میں صارفین کے سامنے نظر آنے والا مواد الگورتھم طے کرتا ہے۔
فوٹو شیئرنگ ایپ کا الگورتھم صارفین کی شخصیت کے بارے میں جو کچھ سوچتا یا سمجھتا ہے، اس کے مطابق تصاویر، ریلز اور ایکسپلور سیکشن میں مواد کے بارے سجیسٹ کرتا ہے۔
مگر اب آپ الگورتھم سجیشنز کو ری سیٹ کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق ابھی اس فیچر کی آزمائش جاری ہے مگر اسے بہت جلد تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
کمپنی نے بتایا کہ صارفین سجیسٹڈ مواد کو کانٹینٹ پریفرنس سیکشن میں جاکر ری سیٹ کرسکیں گے۔
میٹا نے بتایا کہ اگر آپ الگورتھم کو ری سیٹ کرتے ہیں تو اس سے انسٹا گرام پر 'نیا آغاز' کرنے میں مدد ملے گی اور وہ ایپ کی سجیشنز کو ری ٹیون کرسکیں گے۔
البتہ کمپنی کا کہنا تھا کہ الگورتھم ری سیٹ کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کا ایپ میں موجود ڈیٹا بھی ڈیلیٹ ہو جائے گا یا اشتہارات دکھانے کا انداز بدل جائے گا۔
میٹا کے مطابق اس فیچر کا مقصد لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو نامناسب مواد دیکھنے سے روکنا ہے۔