25 دسمبر ، 2024
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے عائد کی جانے والی نئی شرائط غزہ جنگ بندی معاہدے میں تاخیر کی وجہ بن رہی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس نے قطر اور مصر کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی مذاکرات میں لچک دکھائی ہے۔
حماس نے کہا ہے کہ جنگ بندی معاہدےکے لیے ہونے والی بات چیت اب بھی درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔
تاہم فلسطینی مزاحمتی تنظیم کی جانب سے کہا گیا ہے اسرائیل کی جانب سے غزہ سے انخلا، جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی اور بے گھر فلسطینیوں کی واپسی کے حوالے سے نئی شرائط عائد کی گئی ہیں۔
حماس کا کہنا ہے کہ یہ نئی اسرائیلی شرائط جنگ بندی معاہدہ طے پانے میں تاخیر کا سبب بن رہی ہیں۔