26 دسمبر ، 2024
بھارتی گلوکار میکا سنگھ بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں 2کروڑ روپےکی گھڑی کا تحفہ نہ ملنے پر امبانی خاندان سے ناراض ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکار میکا سنگھ نے حال ہی میں رواں سال جولائی میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی ہونے والی شادی میں پرفارم کرنے کے اپنے تجربے پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ انہیں اننت کی شادی پر پرفارمنس کے لیے امبانی خاندان کی جانب سے کافی پیسے ملے، لیکن وہ امبانی خاندان سے ناراض ہیں کیونکہ انہیں دوسرے مہمانوں کی طرح مہنگی گھڑی کا تحفہ نہیں دیا گیا۔
واضح رہے کہ امبانی خاندان نے بیٹے اننت کی شادی پر اپنے قریبی دوستوں اور فلم انڈسٹری کے چند افراد کو 2 کروڑ روپے کی مہنگی گھڑیاں تحفے میں دی تھیں، لیکن میکا سنگھ اس فہرست میں شامل نہیں تھے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران میکا سنگھ نے ہنستے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اننت امبانی کی شادی میں پرفارم کرنے گیا تھا۔ انہوں نے سب کو بہت پیسے دیے، یہاں تک کہ مجھے بھی لیکن ایک بات پر مجھے غصہ ہے وہ یہ کہ مجھے وہ گھڑی نہیں ملی جو ان کے دیگر قریبی لوگوں کو دی گئی۔
میکا نے اننت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ یہ انٹرویو دیکھیں تو شاید انہیں اب بھی وہ مہنگی گھڑی تحفے میں دینی چاہیے۔
اننت کی شادی پر پرفارمنس کے عوض ملنے والی رقم کے بارے میں میکا نے بس یہی کہا کہ اتنے پیسے ملے کہ اس رقم کے ساتھ وہ 5 سال آسانی سے گزار سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے بہت زیادہ فیس ملی لیکن میں یہ نہیں بتا سکتا کہ یہ کتنی تھی۔ لیکن اگر آپ اندازہ لگانا چاہیں تو میں کہہ سکتا ہوں کہ مجھے اتنے پیسے ملے کہ میں 5 سال تک آسانی سے گزارا کر سکتا ہوں۔ میرے زیادہ اخراجات نہیں ہیں، تو یہ رقم 5 سال کے لیے کافی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امبانی خاندان نے اننت کے دوستوں اور دلہے کے ساتھ ساتھ اداکار شاہ رخ خان اور رنویر سنگھ کو 2 کروڑ بھارتی روپے مالیت کی گھڑیاں تحفے میں دی تھیں۔