26 دسمبر ، 2024
سیئول: جنوبی کوریا کے قائم مقام صدر ہان ڈک سو کے خلاف مواخذے کی تحریک جمع کرادی گئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا میں اپوزیشن نے قائم مقام صدر ڈک سو کے خلاف مواخذے کی تحریک جمع کرا دی۔
جنوبی کوریا کے قائم مقام صدر نے سابق صدر یون سک یول کےخلاف کارروائی کے لیے آئینی ججوں کی تقرری سے انکارکر دیا تھا جس پر اپوزیشن نے صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کا اعلان کیا تھا۔
اپوزیشن کا مطالبہ تھا کہ دو آزاد تحقیقاتی ادارے معزول صدر یون کے مارشل لا اور خاتون اول کے مبینہ رشوت کے معاملات کی چھان بین کریں۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا کی اپوزیشن نے ملک میں مارشل لا لگانے کے سابق صدر کے فیصلے کے خلاف بھی مواخذے کی دو تحریکیں پیش کی تھیں۔
سابق صدر یون سک یول کے خلاف مواخذے کی پہلی تحریک ناکام ہو گئی تھی تاہم اپوزیشن صدر یون کے خلاف دوسری تحریک عدم اعتماد کامیاب کرانے میں کامیاب رہی جس کے باعث انہیں عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔