28 فروری ، 2013
ٹانک … جنوبی وزیرستان کے محسود قبائل کے عمائدین نے شمالی وزیرستان میں جیو نیوز کے نمائندے ملک ممتاز کی قتل کی سخت مذمت کی ہے۔ ٹانک میں جنوبی وزیرستان کے محسود قبائل کے عمائدین کا گرینڈ جرگہ ہوا، جس میں محسود قبائل کی تینوں اقوام کے عمائدین جرگے میں شریک ہوئے۔ انہوں نے میران شاہ میں جیونیوز کے نمائندے ملک ممتاز کی قتل کی شدید مذمت کی۔ عمائدین کا کہناتھا کہ قبائلی علاقوں میں میڈیا کی رسائی مشکل ہے۔ مقامی صحافیوں کے قتل سے یہاں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ جرگے میں ملک ممتاز کی مغفرت کیلئے دعا بھی کی گئی۔ ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس، کانی گرم پریس کلب جنوبی وزیرستان کے صحافیوں نے بھی ملک ممتاز کے قتل پر احتجاج کیا اور بازووٴں پر سیاہ پٹیاں باندھیں۔