30 دسمبر ، 2024
امریکی صدر جوبائیڈن نے سابق صدرجمی کارٹر کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کا اعلان کیا ہے۔
سابق امریکی صدر جمی کارٹر اتوار کی دوپہر جارجیا میں اپنے گھر پر انتقال کرگئے، ان کی عمر 100 برس تھی۔
جمی کارٹر پہلے امریکی صدر تھے جنہوں نے 100 سالہ زندگی پائی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے جمی کارٹر کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کا اعلان کیا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے بیان میں کہاہے کہ امریکا اور دنیا نے ایک غیر معمولی رہنما ، سیاستدان اور انسان دوست کو کھو دیا۔
جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ جمی کارٹر کی شخصیت اصول، ایمان اور انسان دوستی کی علامت تھی، جوشخص مقصد اور بامعنی زندگی گزارنے کا مطلب جاننا چاہتے ہے وہ جمی کارٹر کا مطالعہ کرے۔
واضح رہے کہ جمی کارٹرامریکا کے39 ویں صدر تھے۔ ان کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے تھا۔انہوں نے 1977 سے 1981 تک امریکا کے صدر کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں۔