Time 30 دسمبر ، 2024
صحت و سائنس

محض ایک سگریٹ پینے سے 20 منٹ کی زندگی کم ہو جاتی ہے، تحقیق

محض ایک سگریٹ پینے سے 20 منٹ کی زندگی کم ہو جاتی ہے، تحقیق
تمباکو نوشی صحت کے لیے تباہ کن عادت ہے / فائل فوٹو

تمباکو نوشی سے متعدد سنگین امراض کا خطرہ بڑھتا ہے مگر صرف ایک سگریٹ پینے سے جسم پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

اس بات کا جواب برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں دیا گیا ہے۔

لندن کالج یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ایک سگریٹ پینے سے ایک فرد کی 20 منٹ کی زندگی کم ہو جاتی ہے۔

یعنی اگر وہ فرد دن بھر میں ایک پورا پیکٹ (20 سگریٹ) پینے کا عادی ہے تو اس کی عمر لگ بھگ 7 گھنٹے تک گھٹ جاتی ہے۔

تحقیق کے مطابق اگر روزانہ 10 سگریٹ پینے والا فرد یکم جنوری کو اس لت کو چھوڑ دے اور 5 فروری تک تمباکو نوشی سے گریز کرے تو اس کی زندگی کی مدت میں ایک ہفتے تک کا اضافہ ہوسکتا ہے۔

اسی طرح اگر وہ 5 اگست تک سگریٹ کو خود سے دور رکھے تو زندگی کی مدت میں پورے ایک مہینے کا اضافہ ہو جائے گا جبکہ سال کے اختتام پر وہ عمر میں 50 دنوں کا اضافہ کرسکتا ہے یا یوں کہہ لیں کہ انہیں کھونے سے بچا سکتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ لوگوں کو بھی معلوم ہے کہ تمباکو نوشی نقصان دہ ہے مگر ان کے خیال میں اسے بہت کم منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تمباکو نوشی کرنے والے ہر فرد کو اپنی اس عادت کے باعث اوسطاً زندگی کے 10 قیمتی برسوں سے محروم ہونا پڑتا ہے۔

اس تحقیق کے لیے برسٹل ڈاکٹرز اسٹڈی کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی جس کا آغاز 1951 میں 10 لاکھ خواتین کے ساتھ ہوا اور وہ 1996 تک جاری رہی۔

اس سے قبل 2000 میں برٹش میڈیکل جرنل میں شائع تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ایک سگریٹ سے عمر میں 11 منٹ کی کمی آتی ہے۔

مگر اس نئی تحقیق کے مطابق ایک سگریٹ سے مردوں کی عمر میں 17 جبکہ خواتین کی عمر میں 22 منٹ کی کمی آتی ہے۔

محققین کے مطابق اس عادت کے نتیجے میں درمیانی عمر کے صحت مند برس مختلف بیماریوں کے شکار رہ کر گزرتے ہیں اور بڑھاپے میں صحت زیادہ خراب ہو جاتی ہے۔

انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ اس عادت کو مکمل طور پر چھوڑنے کی کوشش کریں تاکہ صحت کو زیادہ فائدہ ہوسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی عمر میں تمباکو نوشی کو ترک کر دینا صحت کے لیے مفید ہوتا ہے، مگر جتنا جلد اس عادت سے جان چھڑا لی جائے، اتنا زیادہ بہتر ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل آف ایڈکشن میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :