01 جنوری ، 2025
دنیا بھر میں لوگ نئے سال کے آغاز پر جہاں اپنے لیے کچھ مقاصد اور اہداف طے کرتے ہیں وہیں اپنی کچھ خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے پورے ہونے کی امید بھی کرتے ہیں۔
اسی طرح گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے بدترین اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بننے والے غزہ کے بچوں نے بھی نئے سال کے لیے کچھ معصوم خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں غزہ کے کچھ بچے اپنی خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔
ویڈیو میں نظر آنے والا ایک بچہ اپنے خیمے کے باہر بیٹھے ہوئے اس خواہش کا اظہار کرتا ہے کہ نئے سال میں اسے خیموں میں مزید نہ رہنا پڑے اور وہ اپنے گھر واپس جاسکے۔
اپنے ہاتھوں میں کھانے کا خالی برتن لیے ایک بچے نے یہ خواہش ظاہر کی نئے سال میں اسے خوراک کے حصول کے لیے فلاحی اداروں کی جانب سے فراہم کیے گئے کھانے پر انحصار نہ کرنا پڑے۔
بارش سے بچنے کے لیے چھتری اٹھائے اور گیلی زمین پر ننگے پاؤں کھڑی ایک بچی نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ نئے سال میں اسے پہننے کو جوتے مل جائیں۔
اپنے خیمے کے کھڑے فلسطینی بچنے نے کہا کہ اسے اسکول میں پڑھنا اچھا لگتا ہے اور اس کی خواہش ہے کہ نئے سال میں وہ اپنے اسکول لوٹ سکے۔
بارش کے پانی سے گھرے اپنے خیمے کے باہر کھڑے 3 ننھے بچوں نے غزہ میں گزشتہ چند روز سے جاری شدید بارش تھمنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ ان کا خیمہ پانی میں نہ ڈوبے۔
ایک فلسطینی بچی نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ نئے سال میں اسے کین میں پانی بھر بھر کر نہ لانا پڑے اور پانی کی فراہمی کا نظام معمول کے مطابق کام کرنے لگے۔
ایک اور بچی نے غزہ میں گیس کی فراہمی معمول پر آنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ اسے لکڑیاں جمع کرکے نہ لانی پڑیں۔
غزہ کے ایک بچے نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ جنگ ختم ہوجائے اور اس کے دوست جو نقل مکانی کے بعد جنوبی غزہ جاچکے ہیں وہ شمالی غزہ لوٹ آئیں۔
ایک بچی نے اپنے خیمے میں کھڑے ہوکر اس خواہش کا اظہار کیا کہ اس کے والد جو اس جنگ میں شہید ہوچکے ہیں اس کے پاس واپس آجائیں۔
سب سے بڑھ کر ایک فلسطینی بچی نے نئے سال میں آزاد فلسطینی ریاست کی خواہش کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری بد ترین اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 45 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 17 ہزار 400 بچے بھی شامل ہیں۔