02 جنوری ، 2025
پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ کرم میں نئی پولیس چیک پوسٹیں بنانے سمیت 2 ایف سی پلاٹونز بھی تعینات کی جائیں گی۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ایک صدی سے زیادہ عرصےکےکرم تنازع کے پائیدار حل میں کامیاب ہوئے، کرم مسئلے کے حل کیلئےجرگے کی تقریبا 50 سےزیادہ نشستیں ہوئیں، جرگہ اراکین نے خلوص کے ساتھ کوششیں کیں جبکہ کمشنر اور ڈی آئی جی سمیت پوری انتظامیہ نےبھی بھرپور کردار ادا کیا۔
مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ سڑک کی بندش کا مقصد مزید خونریزی کا راستہ روکنا تھا، سڑک کی بندش کے باعث حکومت کو مسائل کا پوری طرح ادراک تھا، وزیراعلیٰ نے ادویات اور دیگر سروسز کے لیے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کیا جس کے ذریعے تقریبا 15 ٹن ادویات پہنچائی گئیں اور 700 سے زائد افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی سروس فراہم کی گئی۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ دھرنا دینے والوں کے مطالبات تسلیم ہوئے، امن معاہدے کے بعد دھرنوں کا اب کوئی جواز نہیں رہا، متاثرین کو معاوضے دینے کا عمل جلد شروع ہو جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ کرم شاہراہ کو محفوظ بنانے کے لیے 400 پولیس اہلکاروں کو بھرتی کرنےکی منظوری دی گئی ہے، نئی پولیس چیک پوسٹوں سمیت 2 ایف سی پلاٹون بھی تعینات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کرم کی صورتحال پر جاری گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے تھے جس کے تحت نقصانات کا ازالہ کیا جائےگا اور بڑا اسلحہ حکومتی تحویل میں دیا جائےگا جبکہ فریقین کی جانب سے بنائےگئے مورچے ختم کیے جائیں گے اور قبائلی تصادم کو مذہبی رنگ نہیں دیا جائے گا۔