04 جنوری ، 2025
انٹربورڈ کراچی کے نتائج پر طلبا کے تحفظات پر چیئرمین انٹربورڈ نے انکوائری کمیٹی تشکیل دینےکا اعلان کردیا۔
ترجمان بورڈ کے مطابق شرف علی شاہ نے چیئرمین انٹربورڈ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سیکرٹری بورڈز سے میٹنگ کی جس میں انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات کے نتائج پر طلبہ کےتحفظات دور کرنےکے لیےکمیٹی بنانےکا فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان بورڈ کا کہنا تھا کہ کمیٹی کا مقصد نتائج کی جانچ پڑتال اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے،کمیٹی انکوائری کرکے ایک ماہ میں طلبا کی شکایات کا ازالہ کرےگی۔
چیئرمین بورڈ کا کہنا ہےکہ طلبا کی شکایات کے تدارک کے لیے ہرممکن اقدام کریں گے، والدین اپنے تحفظات اور تجاویز انٹربورڈ میں جمع کروائیں، جو طلبا نتائج سے مطمئن نہیں اسکروٹنی فارم جلدجمع کروادیں۔
خیال رہے کہ انٹر میڈیٹ کے نتائج نے کراچی کے طلبا کے پروفیشنل تعلیمی اداروں میں جانےکے امکانات محدود کر دیے ہیں۔ انٹرمیڈیٹ سال اول میں پری میڈیکل گروپ میں 66 فیصد اور پری انجینئرنگ گروپ میں 74 فیصد طلبا فیل ہوگئے۔
حال ہی میں عہدے سے ہٹائےگئے چیئرمین کراچی انٹربورڈ امیر حسین قادری نے نتائج کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پوری ذمہ داری سے کہتے ہیں کہ یہ رزلٹ میرٹ کے مطابق ہیں، شکایات موصول ہونےکے بعد نتائج کا دوبارہ جائزہ لیا گیا ہے، طلبا کو مطمئن کرنےکے لیے ان کی جوابی کاپیاں بھی دکھانےکو تیار ہیں۔
سندھ حکومت نے نتائج کے چند دن بعد چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ امیر حسین قادری کو بغیر اجازت بیرون ملک جانے پر عہدے سے ہٹا دیا ہے، ان کی جگہ چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ کو انٹربورڈ کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔