Time 05 جنوری ، 2025
کھیل

کوہلی کے آسٹریلوی فینز کو غصہ دلانے والے اشارے، ان اشاروں کا مطلب کیا تھا؟

کوہلی کے آسٹریلوی فینز کو غصہ دلانے والے اشارے، ان اشاروں کا مطلب کیا تھا؟
سڈنی ٹیسٹ میں کھیل کے تیسرے روز ویرات کوہلی قائم مقام کپتان تھے اور تماشائیوں نے ان کو دیکھ کر شور مچایا—فوٹو: اسکرین گریب

بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کی جانب سے آسٹریلوی فینز کو غصہ دلانے والے اشارے کیے گئے۔

ویرات کوہلی نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں تماشائیوں کی طرف اشارے کر کے اشتعال دلایا، انہوں نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سینڈ پیپر اسٹائل میں تماشائیوں کی طرف اشارے کیے۔

سڈنی ٹیسٹ میں کھیل کے تیسرے روز ویرات کوہلی قائم مقام کپتان تھے اور تماشائیوں نے ان کو دیکھ کر شور مچایا تو جواب میں ویرات کوہلی نے 2018 کے آسٹریلیا کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کی تماشائیوں کو یاد دلائی۔

ویرات کوہلی نے اپنی جیبیں دکھا کر یہ بتانے کی کوشش کی کہ ان کی جیب خالی ہے، اس میں سینڈ پیپر نہیں ہے، سوشل میڈیا پر ویرات کوہلی کو کہا گیا کہ وہ ہر وقت توجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی نے تماشائیوں کو بلاوجہ ناراض کرنے کی کوشش کی۔

خیال رہے کہ بورڈر گواسکر ٹرافی کے 5 ٹیسٹ میچز تنازعات اور مختلف واقعات سے بھرپور رہے، ایک میچ کے دوران سیم کونسٹاس نے بھارتی بولر جسپریت بمراہ کے خلاف غیر معمولی شاٹس کھیلے جس پر سیم کونسٹاس کے اعتماد اور توجہ کو ہٹانے کے لیے ویرات کوہلی نے جملے کسنے شروع کر دیے تھے اور پچ پر نوجوان بیٹر سے ٹکراتے ہوئے انھیں کندھا بھی مارا تھا۔

 کوہلی کے رویے پر عثمان خواجہ نے اپنی مسکراہٹ اور پھر کوہلی کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر معاملہ کو ختم کرنے کی کوشش کی تھی جس پر میچ آفیشلز نے بھی مداخلت کر کے معاملے کو ٹھنڈا کیاتھا۔

بعدازاں آسٹریلوی میڈیا نے کوہلی کو مسخرہ قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پانچویں ٹیسٹ میچ میں بھارت کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے،5 میچز کی سیریز آسٹریلیا نے 1-3 سے اپنے نام کی جب کہ سیریز کا ایک میچ ڈرا ہوا تھا۔

مزید خبریں :