06 جنوری ، 2025
کرم: پارا چنار ٹل مین شاہراہ ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناہے۔
جیونیوزکے مطابق ضلع انتظامیہ کا کہنا ہےکہ 80 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ تاحال ٹل سے کرم کے لیے روانہ نہیں ہوسکا ہے، روڈ کلیئرنس ملتے ہی قافلہ روانہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب ضلع کرم کی ٹل پاراچنار شاہراہ پر صبح 6 سےشام 6 بجےتک کرفیو نافذ کردیا گیا ہے جس کی آگاہی کے لیے لاؤڈ اسپیکرپر اعلانات بھی کیے جارہے ہیں۔
پولیس حکام نے عام شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرفیو کے نفاذ کے دوران مین روڈ پر آنے سے گریز کریں۔
خیال رہے کہ 4 جنوری کو لوئر کرم کے علاقے بگن میں نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے ڈی سی کرم سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد کرم کے لیے 3 ماہ بعد کھانے پینے کا سامان لے جانے والا قافلہ روک دیا گیا تھا۔
ضلع کرم میں اسلحے کی نمائش اور 5 افراد کے اجتماع پر پابندی عائد ہے جب کہ بگن فائرنگ کے بعد راستوں کی بندش اوربدامنی کے خلاف احتجاجی دھرنا کرم پریس کلب سے ختم کرکے مندوری میں جاری ہے۔