Time 07 جنوری ، 2025
کھیل

بمراہ انجرڈ: چیمپئنز ٹرافی میں شرکت خطرے میں پڑگئی

بمراہ انجرڈ: چیمپئنز ٹرافی میں شرکت خطرے میں پڑگئی
فوٹو: فائل

آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی کے آخری ٹیسٹ میں انجری کی وجہ سے بولنگ نہ کروانے والے بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ  کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت خطرے میں پڑگئی۔

آسٹریلیا کے حالیہ دورے کے اختتام پر بمراہ کو کمر کے درد کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے وہ سڈنی میں پانچویں ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بولنگ نہیں کر سکے تھے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ مبینہ طور پر فروری میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پیش نظر بمراہ کو انگلینڈ کے خلاف آنے والی وائٹ بال سیریز میں زیادہ تر آرام دینے پر غور کر رہا ہے تاکہ وہ ٹورنامنٹ کے لیے مکمل طور پر فٹ ہو سکیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بمراہ کی انجری کی صورتحال ابھی واضح نہیں ہے اور ان کی شرکت کا فیصلہ ان کی انجری کی صورتحال پر منحصر ہوگا۔

حالیہ بارڈرگواسکر ٹرافی کے دوران بمراہ نے 5 ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 151.2 اوورز کروائے اور 32 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگر بمراہ کو گریڈ 1 کی انجری ہوئی ہے تو ان کی ریکوری میں 2 سے 3 ہفتے لگ سکتے ہیں۔

گریڈ 2 کی انجری کی صورت میں بمراہ کی ریکوری6  ہفتوں تک بڑھ سکتی ہے جبکہ گریڈ 3 کی انجری انہیں 3 ماہ کے لیے کھیل سے باہر کر سکتی ہے۔

بھارت نے انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے جو 22 جنوری سے شروع ہوگی، اس کے بعد3 ون ڈے میچز بھی ہوں گے۔

بمراہ سے پہلے ہی توقع کی جا رہی تھی کہ وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز  میں آرام کریں گے لیکن وہ چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے لیے 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلیں گے۔

تاہم اب  ان کی انجری کی صورتحال یہ طے کرے گی کہ آیا وہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلیں گے یا نہیں۔جس کے بعد انہوں نے چیمپئنز ٹرافی میں بھی شرکت کرنی ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری کو شروع ہوگی۔

مزید خبریں :