مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ویڈیو 2023 میں صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر کے قریب ایک ہیلی کاپٹر حادثے کی ہے۔
08 جنوری ، 2025
سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو کلپ اس دعویٰ کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے کہ اس میں افغانستان کی طالبان حکومت کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد پر کشیدگی میں حالیہ اضافے کے بعد ڈیورنڈ لائن کے قریب پاکستان ائیر فورس کے ایک ہیلی کاپٹر کو مار گراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ دعویٰ جھوٹا ہے، ویڈیو پرانی ہے اور موجودہ صورتحال سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔
28 دسمبر 2024 کو X (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے 17 سیکنڈ کی ویڈیو پوسٹ کی جس میں ایک ہیلی کاپٹر کو بے قابو ہو کر گر کر تباہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
صارف نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن لکھا: ”پاک فضائیہ کا ہیلی کاپٹر افغان طالبان کے ایلیٹ کمانڈوز نے متنازع ڈیورنڈ لائن کے قریب مار گرایا۔“ یہ پوسٹ اب تک تقریباً 7 لاکھ مرتبہ دیکھی اور 300 سے زائد بار شیئر کی جا چکی ہے۔
ایک جیسے دعوے یہاں، یہاں اور یہاں دیکھے جا سکتے ہیں:
زیر گردش ویڈیو کم از کم 2023 کی ہے اور پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پاکستانی فوج نے افغانستان کے صوبہ پکتیا میں فضائی حملے کیے ہیں، جن کا مبینہ ہدف کالعدم تحریک طالبان پاکستان (TTP) کے ٹھکانے تھے۔
پاکستان اس دہشت گرد گروپ پر الزام عائد کرتا ہے کہ وہ افغانستان میں اپنی پناہ گاہوں سے پاکستانی سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف مہلک حملے کر رہا ہے۔
ریورس امیج سرچ سے پتہ چلتا ہے کہ یہ ویڈیو سب سے پہلے 4 ستمبر 2023 کو آن لائن شیئر کی گئی تھی اور یہ حالیہ نہیں ہے ، مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ویڈیو 2023 میں صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر کے قریب ایک ہیلی کاپٹر حادثے کی ہے۔
اس واقعے کو جیونیوز نے بھی کوریج دی تھی، جس میں رپورٹ کیا گیا کہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں معمول کی ٹریننگ فلائٹ کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث پاکستانی نیوی کے دو افسران اور ایک سپاہی شہید ہو گئے تھے۔
اسی واقعے کو بین الاقوامی میڈیا آؤٹ لیٹس اے پی (AP) نیوز اور عرب نیوز نے بھی رپورٹ کیا تھا۔
ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔