Time 08 جنوری ، 2025
پاکستان

حکومت کو مذاکرات میں دلچسپی نہیں تو 100 مرتبہ نہ ہو، ہمیں بھی نہیں: بیرسٹر سیف

حکومت کو مذاکرات میں دلچسپی نہیں تو 100 مرتبہ نہ ہو، ہمیں بھی نہیں: بیرسٹر سیف
 بانی پی ٹی آئی کی بنی گالا منتقلی کےعلیمہ خان کے بیان کی وہ خود وضاحت کرسکتی ہیں، بیرسٹر سیف،فوٹو: فائل

مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف  نےکہا ہےکہ وفاقی حکومت کو مذاکرات میں دلچسپی نہیں تو 100 مرتبہ نہ ہو، ہمیں بھی نہیں۔

بیرسٹر سیف کا کہنا ہےکہ اگر حکومت بات کرنا چاہےگی توکریں گے، اگرلڑنا چاہےگی تو لڑیں گے، ہم نے مذاکرات میں حصہ لیا، انہوں نے ہی ہمیں کہا کہ آپ کمیٹی بنائیں۔

مشیراطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ  وفاقی حکومت سے مذاکرات کےایک دو دور ہوئے،  وفاقی حکومت کو مذاکرات میں دلچسپی نہیں تو 100 مرتبہ نہ ہو، ہمیں بھی نہیں۔

ان کا کہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی کی بنی گالا منتقلی کےعلیمہ خان کے بیان کی وہ خود وضاحت کرسکتی ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر رہنماؤں کو رہا کریں،9 مئی واقعات پر کمیشن بنائیں اور تحقیقات کریں،8 فروری کےالیکشن میں مینڈیٹ چوری کرنےکی بھی تحقیقات کی جائے۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ  مذاکراتی کمیٹی کو بانی پی ٹی آئی اور پارٹی نےاختیار دیا ہے، پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی اگر سمجھتی ہےکہ تحریری مطالبات دینےکی ضرورت نہیں تو ٹھیک ہے۔

دوسری جانب اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے پارٹی رہنماؤں بیرسٹر گوہر، علی ظفر اور شیر افضل نے ملاقات کی۔

عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے، بانی نے دونوں مطالبات تحریری طور پرحکومتی کمیٹی کو دینےکی اجازت دی ہے۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مذاکرات کے لیے تیسری نشست ضرور ہونی چاہیے اور مذاکراتی ٹیم کی ملاقات اس کے بعد نہ کروائی تو مذاکرات آگے نہیں جاسکیں گے۔

مزید خبریں :