10 جنوری ، 2025
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور پارٹی رہنما شیر افضل مروت کے درمیان لفظی گولہ باری ہوگئی، دونوں رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے پر تنقید کی گئی۔
سلمان اکرم راجہ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ شیرافضل مروت روز ایک ایسا بیان دیتے ہیں جس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت کو پارٹی پالیسی کا ادراک نہیں، انہیں ٹی وی چینل والے بلا لیتے ہیں تو انہوں نے کچھ نہ کچھ کہنا ہوتا ہے اور وہ کہہ دیتے ہیں۔
جس پر شیر افضل مروت نے بھی پلٹ کر سلمان اکرم راجہ پر وار کیا۔
شیر افضل مروت نے سلمان اکرم راجہ کے پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل انتخاب پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سلمان اکرم راجہ پارٹی آئین کے مطابق سیکرٹری جنرل بن ہی نہیں سکتے، ہم اگر پارٹی آئین کو پامال کریں گے تو پاکستان کے آئین کی بات کس طرح کریں گے۔
شیر افضل مروت نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ سلمان اکرم راجہ ایک سال پہلے پارٹی میں آیا اور اب مجھے سمجھا رہا ہے، عمر ایوب خان کے استعفے کے بعد اب ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ہر نوٹیفکیشن پر دستخط بھی فردوس شمیم نقوی کے ہوتے ہیں، پارٹی امور کا سلمان اکرم راجہ کو کیا ادراک ہوگا، وہ 15 دن لاہور میں رہتا ہے، ایک دن اسلام آباد آ جاتا ہے، صبح بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر کے اس بارے میں انہیں بتاؤں گا۔