Time 12 جنوری ، 2025
دنیا

لاس اینجلس میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے ایران نے امریکا کو مدد کی پیشکش کردی

لاس اینجلس میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے  ایران نے امریکا کو مدد کی پیشکش کردی
ہیلی کاپٹر آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہوئے—فوٹو: اے ایف اپی

تہران: امریکی شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی بدترین آگ پر قابو پانے کے لیے ایران نے امریکا کو مدد کی پیشکش کردی۔

ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایرانی ہلال احمر کے سربراہ پیر حسین کولیوند نے امریکی ریڈ کراس کے سربراہ کلف ہولٹ کو لکھے گئے خط میں  امداد بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے اپنے وسیع تجربے کے باعث ایرانی ہلال احمر متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر خصوصی ریپڈ ایکشن ٹیمیں اور ریسکیو سامان بھیجنے کے لیے تیار ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق پیر حسین کولیوند نے کلف ہولٹ کو یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ تنہا نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ لاس اینجلس میں منگل سے لگی تاریخ کی بدترین آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آگ سے 16افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں جبکہ 13 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

آگ کے باعث 12 ہزار سے زائد مکان اور عمارتیں راکھ کا ڈھیر بن گئیں ہیں جبکہ 2 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق 12 ہزار سے زائد فائر فائٹرز، ساڑھے 1100 فائر انجن، 60 طیارے اور 143 واٹر ٹینکر آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

مزید خبریں :