Geo News
Geo News

پاکستان
01 مارچ ، 2013

اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کاطریقہ کارتیار

اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کاطریقہ کارتیار

اسلام آباد…پانچ اداروں نے عام انتخابات میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سات روز میں جانچ پڑتال کرنے کا طریقہ کار تیار کر لیا ہے۔ الیکشن کمیشن ،کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال سٹیٹ بینک ،ایف بی آر،نیب اور نادرا سے آن لائن سسٹم کے ذریعے کرائے گا۔ ٹیکس،قرضوں کے نادہندگان اور سزا یافتہ افراد کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کا طریقہ کار تیار کرنے کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ڈی جی الیکشن کمیشن شیر افگن کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں اسٹیٹ بینک،ایف بی آر،نیب اور نادرا کے نمائندے شریک ہوئے۔ اس موقع پرطے کیاگیاکہ الیکشن کمیشن میں سینٹرل آٹومیٹڈآن لائن سسٹم قائم کرکے پانچوں اداروں کو اس سسٹم سے جوڑدیاجائے گا۔ کاغذات نامزدگی موصول ہوتے ہی الیکشن کمیشن اس کی سکین شدہ کاپی چاروں اداروں کو بھجوا دے گا جو کم سے کم وقت میں اس کی جانچ پڑتال کرائیں گے۔ ڈی جی الیکشن کمیشن نے میڈیا کو بتایا کہ کاغذات جمع کرنے کے لیے 6 جبکہ جانچ پڑتال کے لیے سات دن کا وقت ہے، یوں کل 13 دن مل جائیں گے۔ کاغذات موصول ہوتے ہی جانچ پڑتال کے لیے بھجوادیئے جائیں گے۔ کاغذات نامزدگی کے ساتھ اُمیدوار کو آخری جمع کرائے گئے یو ٹیلیٹی بلز کی کاپیاں بھی فراہم کرنا ہوں گی۔ جانچ پڑتال کے اس طریقہ کار کو حتمی منظوری کے لیے 6 مارچ کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

مزید خبریں :