Time 16 جنوری ، 2025
کھیل

چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک اور مکمل بیڈ ریسٹ کی خبریں، بمراہ نے خاموشی توڑ دی

چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک اور مکمل بیڈ ریسٹ کی خبریں، بمراہ نے خاموشی توڑ دی
بمراہ نے مائیکر و بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کیا اور ان خبروں کر فیک نیوز قرار دیا—فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے اپنے مکمل بیڈ ریسٹ پر جانے اور چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک ہونے کی تمام خبروں کو مسترد کردیا۔

بدھ 15 جنوری کو بھارتی میڈیا پر کئی شہ سرخیاں دیکھی گئیں جن میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ کمرکی تکلیف کا شکار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ بیڈ ریسٹ پر چلےگئے ہیں اور چیمپئنز ٹرافی میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ بمراہ آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی کے سڈنی ٹیسٹ میں کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔ 

اس سیریز میں بمراہ نے 5 ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 151.2 اوورز کروائے اور 32 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ جسپریت بمراہ کی کمرکی تکلیف سے متعلق رپورٹس حوصلہ افزا نہیں ہیں،  بمراہ کرکٹ میں واپسی کےلیے جلد بازی نہیں کریں گے، ڈاکٹروں نے انہیں بیڈریسٹ کا مشورہ دیا ہے۔

جسپریت بمراہ کی ٹوئٹ:

بمراہ نے مائیکر و بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کیا اور ان خبروں کو فیک نیوز قرار دیا۔

چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک اور مکمل بیڈ ریسٹ کی خبریں، بمراہ نے خاموشی توڑ دی
فوٹو: اسکرین شاٹ

کرکٹر نے لکھا 'مجھے معلوم ہے کہ جعلی خبر پھیلانا کتنا آسان ہے لیکن واقعی اس خبر نے تو مجھے ہنسا دیا'۔

ساتھ ہی بھارتی بولر نے ہنسنے والے متعدد ایموجیز کا بھی استعمال کیا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری کو شروع ہوگی، اس سے قبل بھارت نے انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے جو 22 جنوری سے شروع ہوگی، اس کے بعد3 ون ڈے میچز بھی ہوں گے۔

مزید خبریں :