17 جنوری ، 2025
بالی وڈ اداکار سیف علی خان کے ڈکیتی مزاحمت میں زخمی ہونے کے بعد اہلیہ کرینہ کپور کا اہم بیان سامنے آگیا۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے کے قریب سیف علی خان کے ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع گھر (اپارٹمنٹ) میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنادیا۔
مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جب کہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔
ممبئی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار Gedam Dixit نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ اسپتال میں 54 سالہ اداکار کا علاج کیا گیا اور اب ان کی زندگی خطرے سے باہر ہے۔
حملے کے بعد سیف علی خان کی اہلیہ اور معروف بھارتی اداکارہ کرینہ کپور نے انسٹاگرام پر اپنا بیان جاری کیا۔
کرینہ کپور نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ' جمعرات کا دن ہمارے خاندان کے لیے انتہائی مشکل دن رہا ہے۔ ہم اب بھی اس واقعہ کو بھلانے کی کوشش کررہے ہیں'۔
کرینہ نے درخواست کی کہ اس مشکل وقت میں قیاس آرائیوں اور کوریج سے گریز کیا جائے اور بھارتی میڈیا ان کے خاندان کی پرائیویسی کا خیال رکھے۔
سیف علی خان کی اہلیہ کرینہ کپور نے مزید کہا کہ ہمیں بطور خاندان اس واقعے سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس مشکل وقت میں آپ کے احساس اور تعاون پر شکر گزار ہوں۔
دوسری جانب ممبئی پولیس نے بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر حملہ کرنے والے ملزم کی تصویر جاری کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل کردہ ملزم کی تصویر جاری کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آور نے ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع سیف علی خان کے اپارٹمنٹ میں گھس کر ان سے ایک کروڑ مانگے تھے۔ حملہ آور نے سیف کے بیٹےکی آیا کو بھی زخمی کیا۔
پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے 10 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، ملازموں اور عمارت میں کام کرنے والے مزدوروں کو حراست میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے۔