17 جنوری ، 2025
خراٹے نہ صرف آپ کے گھر والوں کی نیند خراب کرتے ہیں بلکہ ان سے صحت کے مختلف مسائل کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔
مگر ایک مزیدار چیز کو کھانا عادت بنا کر آپ اس مسئلے کو کافی حد تک کنٹرول کرسکتے ہیں۔
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
جرنل آف سلیپ میڈیسن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ پنیر کھانے سے سلیپ اپنیا نامی نظام تنفس کے مرض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
سلیپ اپنیا کے شکار افراد کی عام ترین علامت خراٹے ہی ہوتے ہیں۔
سلیپ اپنیا کے شکار افراد کی سانس نیند کے دوران بار بار رکتی ہے جس سے خراٹوں کے ساتھ ساتھ متعدد طبی پیچیدگیوں کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔
اس تحقیق میں بتایا گیا کہ پنیر کے کھانے سے جسم کے مخصوص ہارمونز اور مرکبات پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
خاص طور پر پنیر یوریا اور testosterone پر اثر انداز ہوتا ہے اور ان دونوں کو سلیپ اپنیا سے منسلک کیا جاتا ہے۔
تحقیق میں یہ نہیں بتایا گیا کہ پنیر کی کونسی قسم یا کتنی مقدار میں کھانے سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔
بس یہ بتایا گیا کہ پنیر کو کھانے سے واضح طور پر مثبت اثر مرتب ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق غذا اور سلیپ اپنیا کے درمیان موجود تعلق کو سمجھنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تحقیق کے کچھ حوالوں سے محدود تسلیم کیا کیونکہ اس میں صرف یورپی افراد کو شامل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنیر سے آپ کے خراٹے یا سلیپ اپنیا فوراً ٹھیک نہیں ہوں گے بلکہ اس کے لیے انتظار کرنا ہوگا۔
تحقیق کے مطابق پنیر میں ایسے معیاری پروٹینز، کیلشیئم، فیٹی ایسڈز، وٹامنز اور دیگر اجزا موجود ہوتے ہیں جو صحت کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ دل کی شریانوں اور میٹابولزم کی ناقص صحت سے سلیپ اپنیا کا خطرہ بڑھتا ہے مگر پنیر میں موجود اجزا اس حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں۔
البتہ محققین نے کہا کہ پنیر کی بہت زیادہ مقدار کا استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس میں کیلوریز کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔
اگر آپ زیادہ مقدار میں پنیر کھانا شروع کر دیں گے تو موٹاپے کا خطرہ بڑھے گا اور موٹاپا سلیپ اپنیا کا خطرہ بڑھانے والے چند بڑے عناصر میں سے ایک ہے۔