Time 17 جنوری ، 2025
انٹرٹینمنٹ

سیف علی خان کو رکشہ میں اسپتال کس بیٹے نے پہنچایا؟ رکشہ ڈرائیور نے بتا دیا

سیف علی خان کو رکشہ میں اسپتال کس بیٹے نے پہنچایا؟ رکشہ ڈرائیور نے بتا دیا
سیف علی خان کو زخمی ہونے کے بعد گھر کی گاڑی کے بجائے رکشہ میں مقامی اسپتال پہنچایا گیا— فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر چاقو حملہ کیس میں نئی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔

بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے کے قریب سیف کے ممبئی کے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنایا۔

مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جبکہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔

سیف اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں اور گزشتہ روز آپریشن کرکے ان کی ریڑھ کی ہڈی سے چاقو کا 2.5 انچ کا ٹکڑا نکالا گیا۔

کیس کی تحقیقات میں نئی نئی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں اور واقعے کی ایک نئی سی سی ٹی وی بھی سامنے آئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق سیف علی خان کو زخمی ہونے کے بعد گھر کی گاڑی کے بجائے رکشہ میں مقامی اسپتال پہنچایا گیا۔ اس حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں کہ سیف کو ان کے بڑے بیٹے ابراہیم علی خان اسپتال لے کر گئے تھے لیکن اب ان خبروں کی تردید ہوگئی ہے۔

اسی کیس میں سب سے اہم رکشہ ڈرائیور اور اسپتال انتظامیہ نے ابراہیم کے بجائے تیمور علی خان کے والد کو اسپتال لانے کی تصدیق کی ہے۔ بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں رکشہ ڈرائیور بھجنگ سنگھ رانا نے بتایاکہ رات کو ان کے گھر کے قریب سے نکل رہا تھا تو ایک خاتون نے سامنے آکر رکشہ روک لیا اور پھر میں نے ان کے اپارٹمنٹ کے سامنے رکشہ لگالیا، اس دوران ایک سفید شلوار قمیض میں شخص کو رکشے میں بٹھایا جس کے سارے کپڑے خون آلود تھے۔

انہوں نے کہا کہ رکشے میں سیف کے ساتھ 7 سے 8 سال کا بچہ بیٹھتا ہے، ساتھ ایک آدمی بھی تھا، سیف نے کہا لیلاوتی اسپتال لیکر چلو جس پر اس طرف روانہ ہوگیا، مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ سیف علی خان ہیں، اسپتال پہنچایا تو وہاں گارڈ کو بلاکر سیف نے اپنا نام ان کو بتایا۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ نے بھی تیمور علی خان کے والد کے ساتھ اسپتال آنے کی تصدیق کی ہے۔

خیال رہے کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور کے دو بیٹے ہیں جن میں تیمور علی خان 8 سال اور جہانگیر علی خان4 سال کے ہیں۔ 

مزید خبریں :