Time 18 جنوری ، 2025
انٹرٹینمنٹ

سیف علی خان پر چاقو حملہ کیس، ممبئی سے فرار ملزم چلتی ٹرین سے گرفتار

سیف علی خان پر چاقو حملہ کیس، ممبئی سے فرار ملزم چلتی ٹرین سے گرفتار
 ملزم ممبئی سے مغربی بنگال کے شہر ہاوڑہ کی جانب سے ٹرین میں سفر کر رہا تھا: بھارتی ریلوے پروٹیکشن فورس— فوٹو:بھارتی میڈیا

بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر چاقو حملہ کیس کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کی جانب سے ملزم کو ٹریس کیا جا رہا تھا اور ملزم کو چلتی ٹرین سے حراست میں لے لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت 31 سالہ آکاش کنوجیا کے نام سے ہوئی ہے اور اسے چھتیس گڑھ سے ٹرین میں سفر کے دوران پکڑا۔

بھارتی ریلوے پروٹیکشن فورس نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ ملزم ممبئی سے مغربی بنگال کے شہر ہاوڑہ کی جانب سے ٹرین میں سفر کر رہا تھا، حکام نے بتایاکہ ممبئی پولیس نے ملزم کی تصویر بھیجی تھی جس پر ٹرین کو چیک کیا گیا تو ملزم موجود تھا۔

ان کا کہنا تھاکہ ویڈیو کال کے ذریعے بھی ممبئی پولیس نے ملزم کی تصدیق کی جس پر اسے ٹرین سے اتار کر حراست میں لیا ہے اور ممبئی پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

 بھارتی ریلوے پروٹیکشن فورس کے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ممبئی کا رہنے والا ہے۔ دوسری جانب مبینہ ملزم کی تصویر بھی بھارتی میڈیا نے جاری کردی ہے۔

سیف علی خان پر چاقو حملہ کیس، ممبئی سے فرار ملزم چلتی ٹرین سے گرفتار
مبینہ ملزم کی شناخت 31 سالہ آکاش کنوجیا کے نام سے ہوئی ہے — فوٹو: بھارتی میڈیا

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی میڈیا کی جانب سے کیس میں ملزم کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم پولیس نے تردید کی تھی اور بتایا تھا کہ گرفتار ملزم کا تعلق سیف خان پر حملہ کیس سے نہیں ہے۔

سیف علی خان پر حملہ کیس میں 30 سے زائد ممبئی پولیس کی ٹیمیں کام کر رہی  ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے کے قریب ممبئی شہر میں سیف علی خان کے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنایا۔

مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جبکہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔

مزید خبریں :