Time 19 جنوری ، 2025
پاکستان

مراکش کشتی حادثے میں بچ جانے والے 21 پاکستانیوں کے ناموں کی فہرست جاری

مراکش کشتی حادثے میں بچ جانے والے 21 پاکستانیوں کے ناموں کی فہرست جاری
افریقی ملک موریطانیہ سے غیرقانونی طور پر اسپین جانے والوں کی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن ہلاک ہوگئے تھے/ فائل فوٹو

 اسلام آباد: وزارت خارجہ نے مراکش کشتی حادثے میں بچائے گئے 21 پاکستانیوں کی فہرست جاری کر دی۔

ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزارت خارجہ امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہی ہے، رباط میں پاکستانی سفارتی مشن کے ذریعے متاثرہ شہریوں کو فوری امداد فراہم کی گئی اور سفارتخانے نے متاثرہ افراد کیلئے ضروری اشیاء جن میں کھانا، پانی، ادویات اورکپڑوں کا بندوبست کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ سفارتخانے کی قونصل ٹیم اس وقت دخلہ میں موجود ہے، دخلہ میں مقامی حکام ہماری سفارتی درخواست کے تحت پناہ گاہیں اور طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، اس کے علاوہ مراکش میں متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ متاثرین کو مکمل مدد فراہم کی جاسکے۔

ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق بچ جانے والے شہریوں کی وطن واپسی کے عمل کیلئے کوشاں ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کیلئے پرعزم ہیں ۔

کشتی حادثے میں بچ جانے والوں کی فہرست جاری کردی گئی

وزارت خارجہ نے مراکش میں بچائے گئے 21 پاکستانیوں کی فہرست بھی جاری کر دی۔

 بچ جانے والوں میں مدثر حسین، وسیم خالد، محمد خالق، عبدالغفار، گل شمیر، تنویراحمد، عباس کاظمی، غلام مصطفیٰ، بدرمحی الدین، عمران اقبال شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بچ جانے والے پاکستانیوں میں شعیب ظفر، علی حسن، مہتاب الحسن، عزیربشارت، محمد آصف، مجاہد علی، عامر علی، عمر فاروقی، بلاول اقبال، ارسلان اور عرفان احمد شامل ہیں۔

واقعے کا پس منظر

یاد رہے کہ جمعرات کو افریقی ملک موریطانیہ سے غیرقانونی طور پر اسپین جانے والوں کی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن ہلاک ہوگئے۔

خبرایجنسی کے مطابق 86 تارکین وطن کی کشتی 2 جنوری کو موریطانیہ سے روانہ ہوئی تھی، کشتی میں کل 66 پاکستانی سوار تھے تاہم کشتی حادثے میں 36 افرادکو بچالیا گیا ہے۔

کشتی حادثے میں جاں بحق 44 پاکستانیوں میں سے 12 نوجوان گجرات کے رہائشی تھے، اس کے علاوہ سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین کے افراد بھی کشتی میں موجود تھے۔


مزید خبریں :