Time 20 جنوری ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

مختصر تعطل کے بعد امریکا میں ٹک ٹاک سروس دوبارہ بحال

مختصر تعطل کے بعد امریکا میں ٹک ٹاک سروس دوبارہ بحال
فوٹو: فائل

امریکا میں کچھ گھنٹوں کی پابندی کے بعد مقبول سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کی سروس بحال ہونا شروع ہوگئی۔ 

رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی گئی تھی کیونکہ کمپنی نے اپنے امریکی آپریشنز کو فروخت نہیں کیا تھا۔

19 جنوری کو امریکا بھر میں  ٹک ٹاک پر پابندی کا اطلاق ہوگیا تھا، کروڑوں افراد سوشل میڈیا ایپ پر ویڈیوز دیکھنے کے قابل نہیں رہے تھے۔

امریکا میں جن افراد کے فونز میں ٹک ٹاک انسٹال ہے، جب وہ اسے اوپن کرنے کی کوشش کرتے رہے تو ان کے سامنے ایک پوپ اپ میسج میں لکھا آیا کہ 'امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کے قانون کا اطلاق ہوگیا ہے، بدقسمتی سے اس کا مطلب ہے کہ اب آپ ٹک ٹاک استعمال نہیں کرسکتے'۔

تاہم نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم اعلان کے بعد امریکا میں ٹک ٹاک کی سروس بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں اور صارفین کو میسجز موصول ہورہے ہیں۔

ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ پیر کو عہدہ سنبھالنے کے بعد ٹک ٹاک کو بحال کرنے کے لیے کام کریں گے۔

ایک حالیہ انٹرویو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا تھا کہ وہ ٹک ٹاک کو مزید 90 دن تک کام کرنے کی اجازت پر غور کر رہے ہیں۔ٹرمپ نے کہا تھاکہ ممکنہ طور پر 20 جنوری کو وہ ٹک ٹاک کو مزید 90 دن کی زندگی فراہم کرسکتے ہیں، یعنی صدر کے عہدے کا حلف لیتے ہی وہ یہ کام کریں گے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹک ٹاک کی  جانب سے کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کے  اعلان کے بعد وہ امریکا میں اپنی سروس بحال کررہے ہیں۔

بعد ازاں پلیٹ فارم نے صارفین کو ایک پیغام میں کہا کہ صدر ٹرمپ کی کوششوں کے نتیجے میں ٹک ٹاک امریکا میں واپس آ گئی،ٹرمپ کا شکریہ۔

خیال رہے کہ 17 جنوری کو امریکی سپریم کورٹ نے بھی ٹک ٹاک کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایپ پر پابندی لگانے والے قانون کو برقرار رکھا تھا۔

عدالت میں بائیڈن انتظامیہ نے قانون کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹک ٹاک کی جانب سے امریکی صارفین کا بہت زیادہ ڈیٹا اکٹھا کیا جاتا ہے جس تک چینی حکومت رسائی حاصل کرسکتی ہے جو تشویشناک ہے۔

حکام کا دعویٰ تھا کہ ایپ کے الگورتھم کو چینی حکومت استعمال کرسکتی ہے۔

ٹک ٹاک کی سرپرست کمپنی بائیٹ ڈانس کی جانب سے تمام الزامات کو مسترد کیا گیا اور امریکی آپریشنز کو فروخت کرنے سے انکار کیا گیا۔

مزید خبریں :