20 جنوری ، 2025
بھارتی پولیس نے بالی وڈ اداکار سیف علی خان کو زخمی کرنے والے ملزم کے حوالے سے تفصیلات شیئر کردیں جس میں بتایا گیا ہےکہ ملزم اپنی کن غلطیوں کے سبب پکڑا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف پر حملے کے 6 گھنٹے بعد ملزم نے صبح 9 بجے کے قریب دادر کے ایک اسٹور سے ہیڈ فون خریدے جو سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہوگیا جب کہ ملزم کو چھتیس گڑھ سے ٹرین میں سفر کے دوران پکڑا گیا۔
ذرائع کے مطابق شریف الاسلام شہزاد نامی ملزم نے ایک ہوٹل پر ناشتہ کیا، اس نے پراٹھا خریدا اور کھایا جب کہ بل کیش کے بجائے گوگل ٹرانزیکشن کے ذریعے اپنے موبائل سے ادا کیا جو اس کی سب سے بڑی غلطی تھی جس پر پولیس نے اسے ٹریس کیا اور اس کی جگہ پہنچ کر گرفتار کرلیا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ملزم کسی ریسٹورینٹ میں کام کرتا تھا جہاں اس کی محنت کی تعریف ہوا کرتی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے کے قریب ممبئی شہر میں سیف علی خان کے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنایا۔
مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جبکہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔