21 جنوری ، 2025
ٹک ٹاک کی امریکا میں واپسی تو ہوگئی ہے مگر اس کی غیر یقینی صورتحال دیگر سوشل میڈیا ایپس کو موقع سے فائدہ اٹھانے پر مجبور کر رہی ہے۔
پہلے ایکس (ٹوئٹر) نے ٹک ٹاک جیسی ورٹیکل ویڈیوز کی فیڈ متعارف کرائی اور اب بلیو اسکائی کی جانب سے بھی ایسا کیا گیا ہے۔
بلیو اسکائی کی جانب سے ویڈیو مواد کے لیے خصوصی ٹیب اور فیڈ کو متعارف کرایا گیا تاکہ صارفین آسانی سے ٹک ٹاک جیسی ورٹیکل ویڈیوز کو تلاش کرسکیں۔
انسٹا گرام کی جانب سے بھی ٹک ٹاک کی ایڈیٹنگ ایپ کیپ کٹ کے مقابلے میں ایڈیٹس نامی ایپ متعارف کرائی گئی۔
بلیو اسکائی کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ ہم بھی ویڈیو مواد پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔
اس مقصد کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں کاسٹیوم فیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے ، جس میں آپ اوپر نیچے ویڈیوز کو اسکرول کرسکتے ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ دیگر فیڈز کی طرح آپ نئی ویڈیو فیڈ کو بھی پن کرسکتے ہیں۔
یہ نئی ویڈیو فیصد بلیو اسکائی سرچ ٹیب کے نیچے موجود ہے۔
بلیو اسکائی کی جانب سے اے ٹی پروٹوکول بھی اس فیڈ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
ایکس کی جانب سے بھی امریکا میں نئی ویڈیو ٹیب کو متعارف کرایا گیا جس میں ویڈیوز ٹک ٹاک کی طرح ورٹیکل یوزر انٹرفیس میں دکھائی جاتی ہیں۔