24 جنوری ، 2025
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہفتے سے دوسرا اور آخری ٹیسٹ شروع ہو رہا ہے جس کے لیے پاکستانی اوپنر امام الحق کو ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
ملتان ہی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو میچ کے تیسرے دن 127 رنز سے شکست دی تھی۔
اب اطلاعات ہیں کہ تجربے کار اوپنر امام الحق کو دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں محمد حریرہ نے ٹیسٹ ڈیبیو کرتے ہوئےکپتان شان مسعود کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھا،البتہ امام الحق کی ٹیم میں شمولیت کی صورت میں وہ حریرہ کے ساتھ اننگ کا آغاز کریں گے جب کہ کپتان شان مسعود نمبر تین پر بیٹنگ کریں گے۔
ٹیم منیجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی ملتان کی سلو اور ٹرننگ پچ پراضافی بیٹر کھلانے کا ارادہ رکھتی ہے اور ایسی صورت میں ٹیم میں شامل واحد فاسٹ بولر خرم شہزاد کو ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔
29 سال کے امام الحق نے پاکستان کے لیے آخری ٹیسٹ دسمبر 2023 میں میلبرن میں آسڑیلیا کے خلاف کھیلا تھا، بائیں ہاتھ کے بیٹس مین نے 24 ٹیسٹ کے دوران کھیلی گئی 46 اننگز میں 37.33 کی اوسط سے 1568 رنز بنا رکھے ہیں جن میں 3 سینچریاں اور 9 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے پہلے اَن فٹ صائم ایوب اور آؤٹ آف فارم عبداللہ شفیق کی عدم موجودگی میں سلیکشن کمیٹی تجربے کار امام الحق پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے اور امام الحق کو ملتان کے دوسرے ٹیسٹ میں کھلانے کا باعث بھی یہی ہے۔
امام الحق نے پاکستان کے لیے 72 ون ڈے میچو ں میں 48.27 کی اوسط سے 3138 رنز 9 سینچریوں اور 20 نصف سینچریوں کی مدد سے بنا رکھے ہیں۔