25 جنوری ، 2025
غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت مغویوں کی رہائے کے دوسرے مرحلے میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے معاہدے کے تحت 4 خواتین اسرائیلی فوجیوں کو رہا کردیا ہے۔
حماس کی جانب سے صیہونی فوج کی 4 اہلکاروں کو آج غزہ کے فلسطین اسکوائر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ریڈکراس کے حوالےکیا گیا۔ اس موقع پر القسام اور القدس بریگیڈ کے سیکڑوں اہلکار بھی موجود تھے، تقریب میں غزہ کے ہزاروں عوام بھی شریک ہوئے۔
تقریب کے لیے باقاعدہ اسٹیج تیار کیا گیا تھا، اسٹیج پر موجود ٹیبل پر فلسطین کے جھنڈے اور مسجد اقصیٰ کی تصویر تھی جب کہ اسٹیج کے لیے خصوصی تیار کردہ بینر بھی موجود تھا جس پر عربی اور انگلش میں مختلف نعرے درج تھے۔
ایک طرف لکھا تھا کہ فلسطین کی آزادی کے لیے لڑنے والے مجاہدین ہمیشہ فاتح رہیں گے۔ دوسری طرف تحریر تھا کہ فلسطین، نازی صیہونیوں کے خلاف مظلوموں کی فتح۔ بینر کے درمیان میں طوفان الاقصیٰ کا لوگو بھی موجود تھا۔
رہا کی گئی چاروں خواتین فوجیوں نے اسٹیج پر کھڑے ہوکر مسکراتے ہوئے ہاتھ ہلایا، اس موقع پر وردی میں ملبوس خواتین کے گلے میں ایک کارڈ بھی تھا جو کہ ان کی شناخت کے لیے تھے۔ ہر کارڈ پر اس قیدی کی تصویر، نام اور دیگر معلومات تھیں جن میں ان کے اغوا کی تاریخ، اغوا کی جگہ اور رہائی کی تاریخ درج تھی۔
اس مرتبہ بھی رہا ہونے والی خاتون فوجیوں کو حماس کی جانب سے ایک بیگ بھی دیا گیا جس میں غزہ کا نقشہ، ان کی قید کے ایام کی تصاویر، فلسطینی پرچم والا کی چین اور رہائی کا سرٹیفکیٹ بھی موجود تھا۔