Time 26 جنوری ، 2025
پاکستان

پورا غزہ ملبے کا ڈھیر بن گیا لیکن فلسطینی جھکے نہیں، یہ اسرائیل کیساتھ امریکا کی بھی شکست ہے: حافظ نعیم

پورا غزہ ملبے کا ڈھیر بن گیا لیکن فلسطینی جھکے نہیں، یہ اسرائیل کیساتھ امریکا کی بھی شکست ہے: حافظ نعیم
حق اور سچ پر کھڑے ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کرناچاہیے،حماس نے اسرائیل کے ساتھ جو کچھ کیا ہم اس کی حمایت کرتے ہیں: امیر جماعت اسلامی فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ  اسرائیل کو شکت دینا حق کی فتح ہے، اسرائیل شکست کھا چکا ہے، یہ اسرائیل کی شکت نہیں، امریکا کی بھی شکست ہے۔

کراچی میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا سب مل کر فیک نیوز کا سدباب کریں، آواز بند کرنےکی کوشش کرنا قابل قبول نہیں، پیکا ایکٹ سے متعلق جماعت اسلامی صحافتی تنظیموں کے ساتھ ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہروہ اقدام کرنا چاہیے جس سے آزادی اظہار  پر حملہ نہ ہو، صحافیوں کو وقت پر تنخواہیں ملنی چاہئیں، حکومت پیکا آرڈیننس لےکر آئی ہے، ہم اسے قبول نہیں کرتے، 2016 میں ن لیگ اور پھر تحریک انصاف کی حکومت میں بھی پیکا آرڈیننس لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پیکا آرڈیننس پنجاب حکومت کے ذریعے لایا گیا، تحریک انصاف کے دور میں کئی صحافیوں کو جبری طور پر اٹھایا گیا تھا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا فیک نیوز نہیں ہونی چاہیے، مرضی کے صحافیوں کو استعمال کیا جاتا ہے، حکومت پیکا آرڈیننس سے قبل مشاورت کرتی تو بہتر ہوتا، ہم صحافی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ایک کوڈ آف کنڈکٹ ضرور بننا چاہیے لیکن آزادی پر حملہ بھی قبول نہیں کریں گے۔

اسرائیل سے جنگ بندی معاہدے پر امیر جماعتِ اسلامی کا کہنا تھا کہ حماس نے سبق دیا ہے کہ مزاحمت میں زندگی ہے، فلسطینیوں نے 7 اکتوبر 2023 میں ہی اسرائیل کو شکست دی تھی، پورا غزہ ملبے کا ڈھیر بن گیا لیکن فلسطینی جھکے نہیں، حق اور سچ پر کھڑے ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کرناچاہیے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا حماس نے اسرائیل کے ساتھ جو کچھ کیا ہم اس کی حمایت کرتے ہیں، اسرائیل کو شکت دینا حق کی فتح ہے، اسرائیل شکست کھا چکا ہے، یہ اسرائیل کی شکت نہیں، امریکا کی شکست ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ، امریکی ریاست کا ایک ایجنڈا ہے، صدر تبدیل ہوا، پالیسی تبدیل نہیں ہوئی، امریکی عوام حماس کو پسند کرتے ہیں، حماس جمہوری فورس ہے، الیکشن جیتے لیکن انہیں حکومت کرنے نہیں دی گئی، 15 ماہ کے بعد ایک امن معاہدہ ہوا ہے، یہ حماس کی فتح ہے۔

مزید خبریں :