26 جنوری ، 2025
واٹس ایپ میں ایک اور بہترین فیچر کو متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ملٹی اکاؤنٹ فیچر کو آئی او ایس ڈیوائسز کے بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ فیچر اس سے قبل اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا ورژن میں بھی نظر آیا تھا۔
اس نئے فیچر سے صارفین ایک ایپ میں ہی کئی اکآؤنٹس میں لاگ ان ہوسکتے ہیں اور مختلف اکاؤنٹس کو استعمال کرنے کے لیے مزید کسی اور ڈیوائس کی ضرورت نہیں رہے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ سیٹنگز میں چھپے اس فیچر سے صارفین ملٹی اکاؤنٹس کو ان ایبل کرسکتے ہیں یا ان کو کنٹرول کرسکتے ہیں۔
یہ ایسے صارفین کے لیے بہت زیادہ مددگار فیچر ثابت ہوگا جن کے پاس ایک سے زیادہ فون نمبر ہوتے ہیں یا وہ ڈوئل سم سپورٹ والے فون استعمال کرتے ہیں۔
اسی طرح صارفین واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس میں متعدد اکآنٹس کو استعمال کرسکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ملٹی اکاؤنٹ فیچر میں اکاؤنٹس ایڈ کرنے کے لیے 2 آپشنز صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
ایک آپشن کے تحت صارف نئے پرائمری اکاؤنٹ کو سیٹ کرسکیں گے یا کیو آر کوڈ کے ذریعے پہلے سے موجود اکاؤنٹ کو ایڈ کرسکیں گے۔
جب کسی اکاؤنٹ کو ایڈ کیا جائے گا تو ہر اکاؤنٹ خودمختار طریقے سے کام کرے گا، یعنی دونوں کے نوٹیفکیشنز الگ موصول ہوں گے، چیٹ ہسٹریز، بیک اپ اور سیٹنگز وغیرہ بھی ایک دوسرے سے مختلف ہوں گی۔
البتہ ایپ کو ری اسٹارٹ کرنے پر مختلف اکاؤنٹ پر سوئچ کرنا پڑسکتا ہے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ آئی او ایس یا اینڈرائیڈ صارفین کو کب مکمل طور پر دستیاب ہوگا۔
مگر امکان ہے کہ اسے آئندہ چند ماہ کے دوران تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔