Time 26 جنوری ، 2025
دنیا

اردن نے غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کے ٹرمپ کے منصوبے کو  مسترد کردیا

اردن نے غزہ سے فلسطینیوں کی  بے دخلی کے ٹرمپ کے منصوبے کو  مسترد کردیا
فوٹو: فائل

اردن نے غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کے منصوبے کو مسترد کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفدی نے کہا ہے کہ اردن کا فلسطینیوں کی کسی بھی قسم کی بے دخلی کو مسترد کرنے کا مؤقف ’ٹھوس اور غیر متزلزل‘ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ فلسطینی اپنی زمین پر موجود رہیں۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق اردن کے وزیر  خارجہ کا یہ بیان بظاہر امریکی صدر ٹرمپ کی اس تجویز پر ردعمل ہے جس میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مصر اور اردن کو مزید فلسطینیوں کو اپنے ملک میں آباد کرنا چاہیے۔

صحافیوں سے گفتگو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اردن کے شاہ عبداللہ سے ٹیلیفونک گفتگو میں غزہ سے مزید فلسطینیوں کو پناہ دینے کا کہا ہے جبکہ وہ مصری صدر السیسی سے بھی کہیں گے کہ غزہ سے مزید لوگوں کو اپنے پاس آباد کریں۔

ٹرمپ نے کہا کہ یہ منتقلی عارضی یا مستقل بھی ہوسکتی ہے، ہم مکمل صفائی چاہتے ہیں، غزہ ایک تباہ شدہ جگہ ہے، عرب ممالک سے مل کر الگ جگہ رہائشی منصوبے کی تعمیر چاہتے ہیں، جہاں وہ امن سے رہ سکیں۔

 حماس رہنما باسم نعیم کا کہنا ہے کہ فلسطینی ایسی کوئی پیشکش یا حل کبھی قبول نہیں کریں گے، غزہ کی تعمیر نو کی آڑ میں اچھی نیت سے بھی کی جانے والی ایسی کوئی تجویز قابل قبول نہیں ہوگی۔

مزید خبریں :