28 جنوری ، 2025
پاکستان کے نامور ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے اداکار فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ روزینہ سے دوسری شادی پر لب کشائی کردی۔
خلیل الرحمان قمر نے حال ہی میں صحافی ارشاد بھٹی کی پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے پہلی بار اپنی دوسری شادی کے بارے میں بات کی۔
ارشاد بھٹی نے سوال کیا کہ کیا مشہور ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کی کہانی آپ کی اپنی زندگی پر مبنی ہے کیونکہ آپ کی حقیقی زندگی میں ایسا ہوا تھا کہ آپ مری میں ایک ڈرامہ بنا رہے تھے پھر اسی ڈرامے میں کام کرنے والے اداکار کی بیوی سے آپ نے دوسری شادی کر لی تھی۔
ڈرامہ نگار نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نہیں یہ محض لوگوں کی قیاس آرائیاں ہیں، فیصل قریشی میرے بہت اچھے دوست ہیں اور بہت ہی زبردست اداکار ہیں، فیصل جب میرے پاس صرف 5 سین کا آڈیشن دینے آئے تھے تو انہوں نے مجھے اپنی اداکاری سے دنگ کر دیا تھا اس لیے میں نے ان کی سلیکشن پر زور دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ سے میری دوسری شادی ایک الگ کہانی ہے، وہ میں اس پوڈکاسٹ میں نہیں سنا سکتا لیکن میری وجہ سے کوئی طلاق نہیں ہوئی بلکہ جب یہ طلاق ہو رہی تھی تو میری فیصل قریشی سے لڑائی ہوئی اور میں نے انہیں سمجھایا کہ وہ اپنا گھر خراب نہ کریں۔
خلیل الرحمان قمر نے مزید کہا کہ میرے بہت سمجھانے پر فیصل قریشی کی والدہ نے مجھ سے کہا کہ آپ کے زور دینے سے زیادہ سے زیادہ یہ طلاق 6 مہینے رُک جائے گی لیکن پھر بھی یہ ہوکر رہے گی، میں کونسا کوئی بہت امیر آدمی تھا کہ میرے وجہ سے کوئی عورت اپنے پہلے شوہر سے طلاق لے گی۔
ڈرامہ نگار نے کلمہ پڑھتے ہوئے کہا کہ میری وجہ سے کوئی طلاق نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ خلیل الرحمان قمر نے 2 شادیاں کی ہیں، پہلی شادی 1985 میں اپنی کزن روبی ناز سے کی تھی اور پھر 2000 میں اداکار فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ روزینہ سے دوسری شادی کی تھی۔