30 جنوری ، 2025
کراچی: 19 سالہ نوجوان کی محبت میں گرفتار ہوکر پاکستان آنے والی امریکی خاتون کو ایک شخص نے شادی کی پیشکش کردی۔
امریکی خاتون سے شادی کرنے کیلئے کراچی کے شہری نے مشروط رضا مندی ظاہر کی ہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں شہری نے اپنا تعارف کروایا اور بتایا کہ 'میرا نام عبدالرحیم ہے، پیشے کے اعتبار سے اس وقت ڈرائیو ہوں لیکن ایک ریٹائرڈ ملازم بھی ہوں۔'
شہری نے کہا کہ 'میں نے اپنی بیوی کو بھی میسج کردیا ہے کہ میں شادی کرلوں گا اگر مجھے اجازت مل گئی، ویسے اسلام میں بیوی سے دوسری شادی کا پوچھنا ضروری نہیں ہے لیکن میں نے پھر بھی اہلیہ کو بتادیا ہے کہ میں خاتون سے شادی کرنے کیلئے تیار ہوں۔'
عبدالرحیم نے امریکی خاتون سے شادی کیلئے اپنی شرط بھی بتائی اور کہا کہ 'میری شرط صرف اتنی سی ہے کہ اگر وہ ہندو یا عیسائی ہیں تو مسلمان ہوجائیں۔'
واقعے کا پس منظر
اونیجا اینڈریو رابنس نامی خاتون کو کراچی کے علاقے گارڈن کے رہائشی 19 سالہ ندال احمد میمن سے سوشل میڈیا کے ذریعے محبت ہوئی تھی جس کے بعد 2 بچوں کی ماں 11 اکتوبر کو کراچی پہنچی تھی تاہم نوجوان نے امریکی خاتون سے شادی کے لیے راضی تھا مگر گھر والوں نے شادی سے انکار کردیا۔
خاتون کئی ماہ کراچی میں دربدر رہی اور پھر اس کا واپسی کا ٹکٹ ختم ہو گیا، وزٹ ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد اے ایس ایف نے امریکی خاتون کو ائیر پورٹ پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔
ایک این جی او نے خاتون کی امریکا واپسی کے لیے ٹکٹ بھی دیا اور مالی مدد بھی کی تھی تاہم اس نے واپسی سے انکار کردیا اور نوجوان کے گھر پہنچ کر بلڈنگ میں ڈیرے ڈال لیے۔