Time 30 جنوری ، 2025
صحت و سائنس

اے آئی ٹیکنالوجی بریسٹ کینسر کے خطرے کی پیشگوئی تشخیص سے کئی برس قبل کرسکتی ہے، تحقیق

اے آئی ٹیکنالوجی بریسٹ کینسر کے خطرے کی پیشگوئی تشخیص سے کئی برس قبل کرسکتی ہے، تحقیق
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی بریسٹ کینسر کے ابھرنے سے قبل خواتین میں اس کے خطرے کو شناخت کرسکتی ہے۔

نارویجن انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ، کیلیفورنیا یونیورسٹی اور واشنگٹن یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق کے مطابق اے آئی ٹیکنالوجی کو خواتین میں بریسٹ کینسر کے خطرے کو جاننے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس تحقیق میں کمرشل بنیادوں پر دستیاب ایک اے آئی پروگرام کو استعمال کیا گیا۔

اس اے آئی پروگرام میں 2004 سے 2018 کے درمیان میموگراف کرانے والی ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد خواتین کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

ان میں سے 1607 خواتین میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

محققین نے دریافت کیا کہ اے آئی الگورتھم ممکنہ بریسٹ کینسر کے خطرے کا سامنا کرنے والی خواتین کی پیشگوئی کرسکتا ہے۔

درحقیقت وہ کینسر کے خطرے کی پیشگوئی تشخیص سے 4 سے 6 سال قبل کرسکتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ ابھی عام دستیاب اے آئی الگورتھم کو کینسر کے خطرے کے بارے میں جاننے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق 2022 میں دنیا بھر میں 6 لاکھ 70 ہزار خواتین بریسٹ کینسر کے باعث انتقال کرگئی تھیں۔

یہ دنیا کے بیشتر ممالک میں خواتین میں کینسر کی سب سے عام قسم ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن نیٹ ورک میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :