30 جنوری ، 2025
غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی جیلوں سے 110 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ریڈ کراس کی گاڑیاں رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کو لے کر مغربی کنارے کے شہر رام اللہ اور غزہ میں داخل ہوئیں جہاں رہائی پانے والے قیدیوں کا استقبال کیا گیا۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے عوفر جیل کے باہر فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے منتظر فلسطینیوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
آج رہا ہونے والے 110 فلسطینی قیدیوں میں عمر قید کے 32 قیدی جبکہ 30 بچے بھی شامل ہیں۔
قبل ازیں فلسطینی مزاحمتی گروہوں کی جانب سے غزہ میں دو مقامات پر اسرائیلی یرغمالیوں اور تھائی باشندوں کو رہا کیا گیا۔
اسرائیلی خاتون فوجی اگم برگر کو جبالیہ میں ریڈکراس کے حوالے کیا گیا جبکہ مزید 2 غمالیوں جن میں ایک خاتون اربیل یہود بھی شامل ہیں کو غزہ کے شہر خان یونس میں رہا کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق حماس نے آج خان یونس میں 5 تھائی یرغمالی بھی رہا کردیے ہیں جنہیں ریڈ کراس حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔