31 جنوری ، 2025
پاکستانی لڑکے کی محبت میں پاکستان آنے والی امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنس کی طبیعت خراب ہوگئی۔
پولیس کے مطابق ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس مالکان کی جانب سے خاتون کو کمرہ دینے سے انکار کے بعد امریکی خاتون کو فلاحی ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے۔
امریکی خاتون کوسماجی رہنما شارع فیصل پرقائم سماجی دفتر لے آئے۔
سماجی تنظیم کے سربراہ کا کہنا ہے کہ امریکی خاتون ٹیپو سلطان تھانے میں تھیں، خاتون کی طبعیت آرام نہ کرنے کے باعث خراب ہے۔
سربراہ سماجی تنظیم کا کہنا تھا کہ امریکی خاتون کے رہنے کا انتظام کیا ہے، خاتون میری بہن ہیں، جب تک چاہیں یہاں رہ سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سماجی تنظیم کی خواتین رضاکار امریکی خاتون کے ساتھ رہیں گیں۔
اس سے قبل امریکی خاتون گارڈن میں واقع اپارٹمنٹ سے روانہ ہوگئی تھیں، پولیس کے مطابق خاتون کا کہنا تھا کہ رات سے بیٹھی ہوئی ہوں، اب آرام کرنا چاہتی ہوں۔
اونیجا اینڈریو رابنس نامی خاتون کو کراچی کے علاقے گارڈن کے رہائشی 19 سالہ ندال احمد میمن سے سوشل میڈیا کے ذریعے محبت ہوئی تھی جس کے بعد 2 بچوں کی ماں 11 اکتوبر کو کراچی پہنچی تھی، پاکستانی نوجوان نے امریکی خاتون سے شادی کے لیے راضی تھا تاہم گھر والوں نے شادی سے انکار کردیا۔
خاتون کئی ماہ کراچی میں دربدر رہی، وزٹ ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد اے ایس ایف نے امریکی خاتون کو ائیر پورٹ پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔
ایک این جی او نے خاتون کی امریکا واپسی کے لیے ٹکٹ بھی دیا اور مالی مدد بھی کی تھی تاہم اس نے واپسی سے انکار کردیا اور نوجوان کے گھر پہنچ کر بلڈنگ میں ڈیرے ڈال لیے۔
امریکی خاتون نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسے پاکستانی شہریت اور ہر ہفتے 3 ہزار امریکی ڈالر دیے جائیں۔