31 جنوری ، 2025
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے ایم کیو ایم کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کی ایم کیو ایم مردہ سیاست کو زندہ کرنے کے لیے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتی ہے۔
ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کسی بھی رہنما کے بیان کو سنجیدہ نہیں لیتے، کراچی میں تاجروں کے اعزاز میں ظہرانہ ایک کامیاب اجتماع تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم مردہ سیاست کو زندہ کرنے کے لیے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتی ہے۔
ادھر بلاول بھٹو کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایم کیو ایم رہنماؤں کی پیپلزپارٹی مخالف پریس کانفرنس جھوٹ کے سوا کچھ نہیں، ایم کیو ایم رہنما آپسی اختلافات کا غصہ کسی اور پر نکال رہے ہیں۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی کی بوکھلاہٹ کی وجہ تاجروں کا بلاول بھٹو کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، کراچی کے عوام کی حمایت ایم کیو ایم کے ہاتھوں سے پھسل چکی ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز چیئرمین ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے اپنی پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کراچی کے تاجروں سے گفتگو میں بلاول بھٹو کا لہجہ دھمکی آمیز تھا۔